نوابشاہ کے قریب حادثے کا شکار ہزارہ ایکسپریس کے ڈرائیور کا بیان سامنے آیا ہے جس میں اس کا کہنا ہے کہ سرہاری اسٹیشن کراس کرتے ہی ٹرین کو جھٹکا لگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی سے پنڈی جانے والے مسافر ٹرین ہزارہ ایکسپریس کو نوابشاہ میں سرہاری اسٹیشن کے قریب خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں متعدد قیمتی جانیں ضائع اور سو سے زائد مسافر زخمی ہوگئے ہیں۔
اس حادثے سے متعلق متاثرہ ٹرین ڈرائیور کا بیان سامنے آیا ہے جس نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرہاری ریلوے اسٹیشن سے نکلتے ہی سگنل کراس کیا تو ٹرین جو جھٹکا لگا۔
ڈرائیور کے مطابق ایمرجنسی بریک لگا کر ٹرین روکنے کی کوشش کی جس میں کامیاب بھی رہا۔
واضح رہے کہ حادثے کا شکار ٹرین میں ایک ہزار سے زائد مسافر سوار تھے اور اب تک کی اطلاعات کے مطابق 20 مسافر جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہیں۔ پاک فوج، رینجرز، ریسکیو اداروں اور عوام کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔