چھوٹی سی کار میں تین موٹے تگڑے بھائی کیسے سوار ہوئے؟ دلچسپ ویڈیو

موٹاپا صحت کے علاوہ معمولات زندگی میں کیا مشکلات لاتا ہے اس کا اندازہ کار میں سوار ہونے کی کوشش کرنے والے ان تین انتہائی موٹے بھائیوں کی ویڈیو دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے۔

موٹاپا کسی بھی انسان کی صحت کے لیے اچھی علامت نہیں اور جب یہ انتہائی زیادہ ہو تو معمولات زندگی بھی بے حد متاثر ہونے لگتے ہیں جیسا کہ سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں تین بھائیوں کی مشکلات دکھائی گئی ہے کہ انہیں کار میں سوار ہونے میں کتنی دقت پیش آئی۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تین انتہائی لحیم شحیم بھائی کہیں جانے کے لیے ایک ساتھ گھر سے نکلے لیکن کار میں بیٹھنا ان کے لیے سخت امتحان بن گیا۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک بھائی کافی تگ ودو کے بعد ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ جاتا ہے جب کہ دوسرا بھائی بھی انتہائی دقت کے ساتھ پچھلی سیٹ پر کسی نہ کسی طرح ایڈجسٹ ہو جاتا ہے تاہم اصل مشکل تیسرے بھائی کے لیے ہوتی ہے۔

تیسرا بھائی اپنے قوی الجثہ ہونے کے باعث اگلی سیٹ پر تو بیٹھ نہیں سکتا لیکن جب وہ پچھلی سیٹ پر بیٹھنے کی کوشش کرتا ہے تو کافی کوششوں کے باوجود وہ اس میں سوار نہیں ہو پاتا۔

ایک دروازے سے داخل ہونے میں ناکامی کے بعد وہ دوسرے دروازے کا رخ کرتا لیکن وہاں بھی یہی مشکل سامنے ہوتی ہےکہ کس طرح سے اندر جائے کیونکہ وہاں پہلے سے موجود اس کا ایک بھائی آدھی سے زیادہ سیٹ گھیرے ہوتا ہے۔

دنیا میں موجود ہر انسان کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی پسندیدیہ کار میں سفر کرے مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں 3 بھاری بھرکم جسم والے بھائی ایسے بھی ہیں جن کے پاس کار تو ہے پر اس میں ان سے سفر نہیں کیا جاتا ۔

تاہم وہ ہمت نہیں ہارتا اور چار منٹ تک مسلسل کوششوں کے بعد وہ کسی نہ کسی طرح کار میں ایڈجسٹ ہو ہی جاتا ہے۔

 

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر یہ دلچسپ ویڈیو تیزی سے مقبول ہو رہی ہے اب تک لاکھ سے زائد صارفین اس کو دیکھ چکے ہیں اور ان کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

کچھ صارفین نے اس ویڈیو کو دیکھ کر انجوائے کیا تو کئی صارفین نے ان کی حالت زار پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔