شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی ماہم عامر اور فیضان شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ تھیٹر میں میاں بیوی کا کردار نبھانے کے بعد حقیقت میں بھی شادی کرلی۔
اداکار فیضان شیخ اور اہلیہ و اداکارہ ماہم عامر نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مزاحیہ شو میں شرکت کی اور اس دوران شوبز کیریئر اور نجی زندگی سے متعلق کھل کا اظہار خیال کیا۔
ماہم عامر نے بتایا کہ تھیٹر ڈرامے میں میاں اور بیوی بننے کے بعد وہ حقیقت میں بھی شریک حیات بنے اور ہدایت کار آج تک انہیں بولتے ہیں کہ ان کی وجہ سے ہی ہماری شادی ہوئی۔
فیضان شیخ نے بتایا کہ وہ ماہم عامر کا آڈیشن دیکھ رہے تھے، وہ پہلے ہی تھیٹر کے مرکزی کردار کے لیے فائنل ہوچکے تھے، انہوں نے ہدایت کار کو مشورہ دیا کہ لڑکی اچھی پرفارمنس دے رہی ہیں، انہیں کاسٹ کرکے دیکھتے ہیں۔
ماہم عامر کے مطابق تھیٹر میں دونوں نے میاں اور بیوی کا کردار ادا کیا، انہوں نے تھیٹر میں فیضان شیخ کی پہلی بیوی کا کردار کیا تھا جب کہ تھیٹر ان کے شوہر دو شادیاں کرتے ہیں۔
فیضان شیخ کے مطابق تھیٹر میں شادی شدہ جوڑے کا کردار ادا کرنے کے بعد دونوں نے شادی کرلی۔
انہوں نے بتایا کہ ماہم اور میں اپنی مرضی سے کام کرتے ہیں کوئی ایک دوسرے کو روکتا نہیں ہے جبکہ کسی بھی ڈرامے یا منصوبے میں کام کرنے کا بھی ہر کسی کا آخری فیصلہ اپنا ہوتا ہے۔
ماہر عامر نے کہا کہ ہم دونوں مشورہ ضرور کرتے ہیں لیکن حتمی فیصلہ ہر کسی کا اپنا ہوتا ہے، فیضان جیسے شادی سے پہلے تھے ویسے ہی اب ہیں ان میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
فیضان شیخ نے کہا کہ جس طرح پہلے ماہم سے محبت کرتے تھے یا ان کی جس طرح عزت کرتے تھے اب بھی ویسے ہی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ فیضان شیخ اور ماہم عامر اگست 2018 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، ان کے ہاں اگست 2021 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی۔