سوشل میڈیا پر گلقند بنانے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے، جس میں دو ہزار کلو گرام کی بڑی مقدار میں گلقند تیار کیا جا رہا ہے جسے صارفین کافی پسند کررہے ہیں۔
پان کے ذائقے کو بڑھانے کے لیے گلقند کا استعمال کیا جاتا ہے اور اس میٹھی چیز کو پان کھانے والے کافی پسند بھی کرتے ہیں، گلقند جیلی یا مارملیڈ کی شکل کا ہوتا ہے اور ذائقے میں بھی ان سے مشابہت رکھتا ہے۔
گلقند کھانے کے شوقین لوگوں کو اس کی تیاری نے حیرت میں ڈال دیا ہے، صارفین مذکورہ ویڈیو میں اسے بنانے کے پیچیدہ مراحل کو دیکھ کر لطف اندوز ہورہے ہیں، اسے اب تک دو ملین سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔
ایک فوڈ بلاگر نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایسے شخص کو ٹیگ کریں جو گلقند سے محبت کرتا ہے۔
https://www.youtube.com/shorts/AeSBkJUd8DY
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلاب کی پنکھڑیوں کو کس طرح احتیاط سے الگ کیا جاتا ہے، اس کے بعد، پنکھڑیوں کو ایک بڑے ٹب میں چینی کے ساتھ ملایا جاتا ہے، اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ چینی اور پتیوں کا ذائقہ ایک دوسرے میں مل جائے۔
اس کے بعد اس مرکب کو ابال کے لیے اسٹیل کے کنٹینرز میں منتقل کیا جاتا ہے، جو ایک ماہ سے زائد عرصے تک جاری رہتا ہے، جو بالآخر لذیذ گلکند میں بدل جاتا ہے۔