دنیا بھر میں مشہور حیدرآباد کی سوغات ’’گجک‘‘، کیسے تیار کی جاتی ہے؟

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کی گجک دنیا بھر کیلیے پاکستان کی لذیذ سوغات ہے سردیاں آتے ہی اس کی مانگ میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کا دوسرا بڑا اور ٹھنڈی ہواؤں کے لقب سے مشہور شہر حیدرآباد بہت ساری مصنوعات کے حوالے سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ ایسی ہی ایک مشہور سوغات یہاں کی خاص ’’گجک‘‘ ہے جو گڑ یا چینی، تل اور دیگر اجزا سے تیار کیا جاتی ہے۔

یہ سوغات سردیوں دل و دماغ کو تقویت بخشتی ہے بدن کو چستی اور طاقت بھی فراہم کرتی ہے۔ منفرد ذائقہ اس کو ہر دلعزیز بناتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں کی بننے والی گجک کو یہ منفرد مقام بھی حاصل ہے کہ نہ صرف اندرون ملک بلکہ پاکستانی شہری دنیا بھر میں مقیم اپنے پیاروں کو یہ سوغات بھیج کر اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔

گجک بنانے کا طریقہ:

خوش ذائقہ گجک بنانا بظاہر بہت آسان ہے لیکن ماہر کاریگر کے بغیر اس کا خاص ذائقہ حاصل نہیں کیا جاسکتا ہے۔

گجک بنانے کے لیے سب سے پہلے چینی یا گڑ کو گھول کر چاشنی بنائی جاتی ہے۔ جب چاشنی تیار ہوجاتی ہے تو پھر اس میں تل مکس کرکے پیڑے بنائے جاتے ہیں۔ پیڑے بنانے کے بعد انہیں لکڑی کے مخصوص ہتھوڑوں سے انہیں کوٹا جاتا ہے جس کے بعد یہ خوش ذائقہ سوغات گجک تیار ہوکر ہمارے سامنے آتی ہے۔