اسکول کب تک بند رہیں گے؟ اعلان ہوگیا

کراچی: وزیرتعلیم سندھ سردار احمد شاہ نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر میں 19اگست تک اسکول بند رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ سندھ میں 20 اگست سے اسکول کھولنے جارہے ہیں، کورونا صورت حال کے پیش نظر انیس اگست تک اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سردار احمد شاہ نے بتایا کہ اسکول کھولنے کے فیصلے پر نظرثانی کے لیےایک مرتبہ پھر 7 یا 8 محرم کو اہم بیٹھک لگے گی، اس موقع پر کورونا کی تازہ صورت حال کو پرکھا جائے گا، ہماری کوشش ہے کہ تعلیمی اداروں کے لیے ایک کورونا پالیسی ہو، کل سے کوشش کریں گے کہ اسکول انتظامیہ ویکسینیش پر عمل درآمد کرائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں اب تک کورونا کیسز کی شرح 23فیصد ہےکم نہیں ہوئی، چیلنجز بہت سارے ہیں، نظام دہائیوں سے بگڑا ہوا ہے، ہم نے تمام فریقین کے ساتھ مل کر روڈ میپ بنایا ہے۔

وزیرتعلیم سندھ نے کہا کہ 90دہائی میں انگوٹھا چھاپ اساتذہ بھرتی ہوئے جن سےجان چھڑانی ہے، اب بھی نصاب میں ریڈیو کے فوائد کے مضمون شامل ہیں، اسکول بچے کا دوست ہوبھوت بنگلہ نہ ہو۔

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بہتر ٹیچر ہی ہونہار طلبا تیار کرسکتے ہیں، اساتذہ سے متعلق کمی برداشت نہیں کریں گے۔