دنیا بھر کی جیلوں میں کتنے بھارتی قید ہیں؟

عیدالاضحیٰ کے موقع پر قیدیوں کیلئے خصوصی معافی کا اعلان

دنیا بھر کی جیلوں میں اس وقت 8 ہزار سے زائد بھارتی شہری قید ہیں جن میں سے 1611 قیدی صرف ایک خلیجی ملک میں قید ہیں۔

انڈین میڈیا ک مطابق بھارتی وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن نے گزشتہ روز ایوان بالا کو بتایا ہے کہ دنیا کے 90 ممالک میں کم از کم 8 ہزار 330 بھارتی شہری قید ہیں جن میں سب سے زیادہ 1611 بھارتی صرف ایک خلیجی ملک کی جیل میں بند ہیں۔

بھارتی وزیر کے مطابق مشرق وسطیٰ کے ممالک میں 4491 انڈین شہری پابند سلاسل ہیں اس کے بعد نیپال میں 1222 بھارتی جیلوں میں بند ہیں۔

مرلی دھرن نے بتایا کہ ملائیشیا میں 341، پاکستان میں 308، امریکا میں 294، برطانیہ میں 249، چین میں 178، اٹلی میں 157 اور عمان میں 139 بھارتی شہری قید ہیں۔
انہوں نے ایوان بالا کے اراکین کو بتایا کہ بھارتی حکومت بیرون ملک کی جیلوں میں قید اپنے شہریوں کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے بیرون ملک انڈین مشنز اور مقامی حکام کے ساتھ یہ مسئلہ باقاعدگی سے اٹھاتی رہتی ہے۔

بھارتی وزیر نے کہا کہ جیسے ہی کسی بھارتی شہری کی حراست یا گرفتاری کی اطلاع انڈین مشن کو ملتی ہے، وہ فوری طور پر مقامی دفتر خارجہ اور متعلقہ مقامی حکام سے رابطہ کرتا ہے تاکہ معاملے کے حقائق کا پتا لگانے کے لیے قونصلر رسائی حاصل کی جا سکے۔

تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بہت سے ممالک میں پرائیویسی کے مضبوط قوانین کی وجہ سے مقامی حکام قیدیوں کے بارے میں معلومات اس وقت تک شیئر نہیں کرتے جب تک کہ متعلقہ شخص ایسی معلومات کی فراہمی پر رضامند نہ ہو۔