رواں سال پاکستان میں مون سون کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی ہے جس سے لاکھوں پاکستانی متاثر ہو سکتے ہیں۔
پاکستان جو کئی سالوں سے موسمیاتی تبدیلیوں کی زد میں ہے اور رواں سال مون سون میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جس سے اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایسے میں اقوام متحدہ نے انتباہ جاری کیا ہے کہ مون سون میں غیر معمولی بارشیں دو لاکھ پاکستانیوں کو متاثر کر سکتی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے نئے علاقائی کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے بتایا کہ اقوام متحدہ نے مقامی حکام کے ساتھ مل کر مون سون کے حوالے سے ایک ہنگامی منصوبہ مرتب کیا ہے اور اس کے لیے چار کروڑ ڈالر کی رقم بھی مختص کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سال 2022 کی طرح شدید بارشیں تو متوقع نہیں ہیں جس میں لگ بھگ ایک ہزار 739 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور شدید معاشی چیلنجز کے شکار ملک کو تین ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا تھا، تاہم رواں برس معمول سے زیادہ بارشیں ہوں گی۔
محمد یحییٰ نے بتایا کہ وہ پاکستان کی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں جو جولائی سے اکتوبر کے دوران متوقع مون سون کی بارشوں کے حوالے سے ہنگامی پلان ترتیب دے رہے ہیں۔