کھلاڑیوں کو ابوظبی پہنچانے پر پی آئی اے کو کتنی آمدنی ہوئی؟

پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کے لیے کھلاڑیوں کو چارٹرڈ طیاروں کے ذریعے ابوظبی پہنچا کر قومی ‏ایئرلائن نے ایک کروڑ روپے کما لیے۔

پی ایس ایل کی یو اے ای منتقلی کے بعد کھلاڑیوں کو کورونا سے بچاؤ کے لیے خصوصی پروازیں ‏پی آئی اے کے لیے فائدے مند ثابت ہوئیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق خصوصی چارٹرڈ پروازوں کے ذریعےکھلاڑیوں کو ابوظبی پہنچایا اور ‏پی آئی اے نے پی سی بی سےچارٹرڈ جہازوں کی مد میں 14ملین وصول کئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اس مشن سے پی آئی اے کو مجموعی طور پر ایک کروڑ روپےکی آمدن ‏ہوئی ہے۔

پی آئی اے نے کراچی اور لاہور سے چارٹرڈ طیاروں کے ذریعے دو سو سے زائد کھلاڑیوں اور ‏سپورٹنگ اسٹاف کو ابوظبی پہنچایا۔

دوسری جانب پی ایس ایل6 کے بقیہ میچز کے لیے پاکستان کے 13 میں سے 6 مزید افراد کو ویزے ‏جاری کر دیے گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد سمیت تین کھلاڑی کل صبح کراچی سے بحرین کے راستے ‏یو اے ای روانہ ہوں گے۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان میں موجود 13 میں سے مزید 6 افراد کے ویزے جاری ہوگئے ہیں۔ ‏ان 6 میں سے 2 افراد کا تعلق کراچی جبکہ 4 کا لاہور سے ہے۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے چاروں افراد پہلے کراچی روانہ ہوں گے جہاں موجود 2 افراد کے ساتھ ‏مل کر وہ یو اے ای کے لیے پرواز کریں گے۔ ان 6 افراد میں تین کرکٹرز سرفراز احمد، ذیشان ‏اشرف اور زید عالم شامل ہیں۔

فی الحال پاکستان میں موجود 7 افراد کے ویزے تاحال جاری نہیں ہوئے، ان سات افراد میں تین ‏کرکٹرز عمر امین، آصف آفریدی اور محمد عمران بھی شامل ہیں۔