مصنوعی ذہانت دوران حج کتنی مفید ثابت ہوئی؟

حج درخواستوں

سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے حالیہ حج سیزن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) انتہائی مفید ثابت ہوئی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی وزارتِ داخلہ کی جانب سے رواں سال حج سیزن کے دوران سکیورٹی اہلکاروں پر ایک ہائی ٹیک بصری طبی سروس آزمائی گئی تھی جو انتہائی کامیاب ثابت ہوئی ہے۔

اس ہائی ٹیک بصری طبی سروس میں مصنوعی ذہانت اور جدید مواصلاتی ٹیکنالوجی سے مزین ایک کیپسول کو سیکیورٹی اہلکاروں کا طبی معائنہ کرنے کے لیے استعمال کیا گیا اور اس میں سے ہر ایک نے 6 منٹ کے اندر معائنہ مکمل کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کیپسول نے 26 جسمانی پیمائشوں کو ممکن بنایا جن میں اہم ترین قد، وزن، جسم اور عضلات کا حجم، بلڈ پریشر، درجہ حرارت، آکسیجن کی سطح، توانائی کی ضروریات، حرکتِ قلب اور حرکتِ قلب کی تغیر پذیری شامل تھیں۔

اس عمل میں ہر شخص کی صحت کے ڈیٹا کا تجزیہ مصنوعی ذہانت کے اندرونی نظام کے ذریعے کیا جاتا ہے، جس کے بعد ڈاکٹر کے ساتھ دور دراز سے طبی مشاورت کی جاتی ہے۔ اس کے بعد کوئی بھی ضروری دوائیں تجویز کی جاتی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فی الوقت اس سروس سے وزارتِ داخلہ اور ریاستی سیکیورٹی کے افراد مستفید ہو سکتے ہیں۔