سعودی عرب میں الیکٹرک کاریں اب کیسے ملیں گی؟ اہم خبر

سعودی عرب میں ماحول کے تحفظ کے لیے اب الیکٹرک کاریں سڑکوں پر دوڑیں گی اور اہم خبر ہے کہ پہلی 10 الیکٹرک گاڑیاں لیز پر دی جائیں گی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی (ٹی جی اے) نے لوسیڈ کی پہلی 10 الیکٹرک کاریں لیز پر دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس سہولت سے صرف سعودی شہری ہی نہین بلکہ وہاں مقیم غیر ملکی افراد اور سیاح بھی یہ کاریں لیز پر حاصل کرسکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق لوسیڈ کی الیکڑک کاریں لیز پر متعارف کرانے کا منصوبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال اور طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں کو لیز پر فراہم کرنے کا انیشیٹو ماحول دوستی مشن کا حصہ ہے اور اس کے لیے کاروں کی لیزنگ کمپنی نے لوسیڈ سے 10 الیکٹرک گاڑیاں حاصل کر لی ہیں۔

سعودی عرب میں الیکڑک گاڑیوں کی طلب کو پورا کرنے کے لیے انفراسٹرکچر بھی تیار کیا جا رہا ہے اور ان کے لیے چارجنگ سٹیشن بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی ملک میں نیشنل ٹرانسپورٹ حکمت عملی کے اہداف کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے جس کا مقصد مملکت میں 2030 تک الیکٹرک کاروں کے استعمال کو 25 فیصد تک بڑھانا ہے۔ اس سے زندگی کا معیار بھی بہتر ہوگا اور لوگوں میں ماحول دوست توانائی کے استعمال کا رجحان بڑھے گا۔