دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ رہے ہیں دوران حج وہاں موسم کیسا رہے گا اس حوالے سے سعودی محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے۔
ذی الحج کے ماہ کا آغاز ہوا چاہتا ہے اور دنیا بھر سے مسلمان فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ رہے ہیں۔ اس وقت گرمی کا موسم ہے اور کئی ممالک میں سورج کا پارہ بلند ہے۔ دوران حج مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں درجہ حرارت کیا رہے گا اس حوالے سے سعودی موسمیات کے قومی مرکزی نے پیشگوئی کی ہے اور بتایا ہے کہ حج کے دوران دونوں مقدس ریجنز میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے جب کہ بارشیں معمول سے زیادہ ہوں گی۔
موسمیات کے قومی مرکز کے مطابق مکہ مکرمہ میں ذی الحجہ کے ابتدائی 15 دن کے دوران دن میں انتہائی درجہ حرارت اوسطا 43.6 ڈگری اور کم از کم درجہ حرارت 29.6 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جب کہ مدینہ منورہ میں انتہائی درجہ حرارت 43 اور کم از کم 29.3 سینٹی گریڈ تک ہو سکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق موسمیات قومی مرکز نے ذی الحجہ کے پہلے 15 ایام میں بارشیں بھی معمول سے زیادہ ہوں گی جب کہ ذی الحجہ کے باقی ایام میں موسم معمول کے مطابق ہوگا۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ایام حج میں مکہ کا موسم دن کے وقت کسی حد تک خشک ہاور رات کے وقت معتدل رہے گا تاہم کبھی کبھار 4 سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں جن کا رخ شمال سے شمال مغرب کی جانب ہوگا اور ان گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے حد نظر محدود ہونے کا امکان ہے جب کہ مدینہ منورہ میں ذی الحجہ کے دوران موسم دن کے وقت گرم اور خشک رہے اور رات کے وقت معتدل رہے گا۔