ہوگن کی موت کے بعد اہلیہ کی جذباتی پوسٹ وائرل

معروف ریسلر ہلک ہوگن کی موت کے بعد اہلیہ اسکائی ڈیلی کی جذباتی پوسٹ وائرل ہوگئی۔

گزشتہ دنوں لیجنڈ ریسلگر ہلک ہوگن کا انتقال فلوریڈا میں رہائشگاہ پر دل کا دورہ کا پڑنے سے ہوا، ریسلر نے گزشتہ ماہ دل کی سرجری کروائی تھی اور وہ صحت یاب ہورہے تھے لیکن اچانک انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

ہوگن کی موت پر جہاں مداح افسردہ ہیں وہیں ان کے اہلخانہ بھی شدت غم سے نڈھال ہیں۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ہوگن کی تیسری اہلیہ اسکائی ڈیلی نے جذباتی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اس کے لیے تیار نہیں تھی، میرا دل ٹکڑے ٹکڑے ہوچکا ہے، دنیا کے لیے وہ ایک لیجنڈ تھا لیکن میرے لیے وہ ٹیری تھا، وہ انسان جس سے میں پیار کرتی تھی جو میرا دل اور میرا ساتھی تھا۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’ہوگن صحت سے متعلق چند مسائل کا شکار تھے لیکن مجھے یقین تھا کہ ہم ان تکلیفوں پر قابو پالیں گے اور میں نے سوچ لیا تھا کہ ہمارے پاس ابھی زیادہ وقت ہے لیکن ہوگن کی موت اچانک ہوئی جس کے ساتھ آگے بڑھنا ناممکن ہے‘۔

واضح رہے کہ اسکائی ڈیلی ہلک ہوگن کی تیسری اہلیہ ہیں اور ان کی شادی ستمبر 2023 میں ہوئی تھی۔