ہما قریشی کے کزن کا قتل، وجہ سامنے آگئی

ہما قریشی کے کزن کا قتل، وجہ سامنے آگئی

بھارتی اداکارہ ہما قریشی کے (کزن) چچا زاد بھائی آصف قریشی کو نظام الدین کے علاقے میں مبینہ طور پر پارکنگ تنازعہ پر قتل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ قتل کا واقعہ جمعرات کی رات قریب 11 بجے نظام الدین کے جنگ پورہ بھوگل لین میں پیش آیا۔

اداکارہ ہما قریشی کے کزن آصف قریشی کا گزشتہ رات اسکوٹی کو گیٹ کے سامنے سے ہٹا کر سائڈ میں لگانے کو لے کر کچھ لوگوں سے جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد ملزمان نے آصف پر تیز دھار آلے سے حملہ کردیا۔

حملے کے بعد آصف کو سنگین حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ آصف کی اہلیہ اور رشتے داروں نے الزام لگایا ہے کہ ملزمان نے معمولی سی بات پر اس پر بے رحمی سے حملہ کیا۔

آصف کی اہلیہ شہناز قریشی نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان پہلے بھی پارکنگ تنازعہ کو لے کر اس سے جھگڑ چکے تھے، جمعرات کو جب آصف کام سے لوٹا، تو اس نے پڑوسی کی اسکوٹی گھر کے مین گیٹ کے سامنے کھڑی دیکھی، جس کے بعد اس نے اسے وہاں سے ہٹانے کے لیے کہا۔

رپورٹس کے مطابق مقتول کی اہلیہ نے الزام لگایا کہ پڑوسیوں نے اسکوٹی کو موقع سے ہٹانے کے بجائے آصف کو ہی گالیاں دینا شروع کردیں اور اس پر جان لیوا حملہ کردیا۔

بالی وڈ اداکارہ ہما قریشی ناول نگار بن گئیں

پولیس نے مقدمہ درج کرکے واردات کے بعد سے فرار دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات کا آغاز بھی کردیا گیا ہے، ہما قریشی کا اس سلسلے میں ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔