حمیرا اصغر کی پوسٹ پر فین کا کمنٹ وائرل

حمیرا اصغر کیس

کراچی (13 جولائی 2025): ڈی ایچ اے فیز 6 میں فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی پوسٹ پر فین کا کمنٹ وائرل ہوگیا۔

پاکستانی اداکارہ حمیرا اصغر علی کی ان کی فلیٹ میں موت پچھلے سال اکتوبر میں ہوئی تھی، تاہم کئی مہینوں کے بعد اداکارہ کی موت کا پتا پچھلے دنوں چلا تھا اس خبر نے میڈیا میں بھونچال برپا کردیا تھا اور شوبز حلقوں سمیت عام افراد بھی اس پر اظہار افسوس کرتے پائے گئے تھے۔

حمیرا اصغر علی کی موت کا سب کو ہی دکھ ہے، دکھ صرف اس کی موت کا نہیں بلکہ اس بات کا زیادہ ہے کہ حمیرا کے مرنے کا پتہ ہی مہینوں بعد لگا جس نے معاشرے کی بے حسی نمایاں کردی۔

غیر تو غیر اپنوں تک نے حمیرا اصغر علی کا حال احوال جاننے کی کوشش نہیں کی اور اس کی سوختہ لاش اس بات کی گواہی دیتی نظر آتی ہے ۔

اداکارہ کی موت کی خبر کے بعد اسٹائلسٹ دانش مقصود نے تہلکہ خیز انکشافات کیے تھے انہوں نے سوشل میڈیا پر بیان میں بتایا تھا کہ انکے میگزینز ‘فلانٹ’ اور ‘اپلاؤز’ نے حمیرا کے اچانک غائب ہونے پر آواز بلند کی تھی۔

اسٹائلسٹ دانش نے کہا تھا کہ وہ خود مختلف پبلیکیشنز کے پاس اس حوالے سے نیوز شائع کرنے کی درخواست لیکر گئے لیکن سب نے انکو نظر انداز کیا تھا۔

تاہم اب حمیرا اصغر کی ایک تصویر پر ان کی فین کا کمنٹ بہت تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے اداکارہ کے سوشل میڈیا سے غائب ہونے کے بعد صارفین سے سوال کیا۔

حمیرا اصغر کی انسٹاگرام پوسٹ پر فین نے کمنٹ کرکے پوچھا کہ "کسی کو پتا ہے کہ حمیرا آپی کدھر گئیں ہیں”۔

پس منظر

اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر، جن کی عمر بیالیس برس تھی، کی لاش 8 جولائی 2025ء کو کراچی کے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز VI میں ان کے کرائے کے اپارٹمنٹ سے ملی۔ یہ دریافت بقایا کرایہ نہ ادا کرنے کی وجہ سے عدالتی حکم پر بے دخلی کے دوران ہوئی۔

لاش انتہائی گل سڑی حالت میں تھی جو اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ ان کی وفات ممکنہ طور پر اکتوبر 2024ء میں ہوئی۔

پولیس نے ابتدائی طور پر قتل کا امکان مسترد کر دیا ہے کیونکہ اپارٹمنٹ اندر سے بند تھا اور کوئی زبردستی داخلے کے آثار نہیں ملے، فورنزک رپورٹس کا انتظار ہے تاکہ موت کی وجہ معلوم ہو سکے۔

اداکارہ و ماڈل تماشا گھر اور فلم جلیبی (2015) میں اپنے کرداروں کی وجہ سے مشہور تھیں، وہ ایک ماہر مصورہ اور مجسمہ ساز بھی تھیں جن کے انسٹاگرام پر 715,000 فالوورز ہیں اور ان کی آخری پوسٹ 30 ستمبر 2024ء کو تھی۔

حمیرا اصغر کیس سے متعلق تمام خبریں