ویڈیو: حمیرا اصغر کا مبینہ آخری وائس میسج منظر عام پر آگیا

حمیرا اصغر کیس

گزشتہ دنوں کراچی کے ڈیفنس فیز 6 میں واقع فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کا آخری وائس میسج  منظر عام پر آگیا۔

8 جولائی کو حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے کرائے کے فلیٹ سے ملی تھی، اب تک سامنے آنے والی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور پولیس کی تحقیقات کے مطابق ان کی موت اکتوبر 2024 میں ہوئی ہے۔

اداکارہ کی لاش ملنے کے بعد ان کے قریبی لوگوں نے اداکارہ سے جڑی چیزیں شیئر کی تاہم اب اداکارہ حمیرا کی دوست فیشن ڈیزائنر در شہوار نے اداکارہ کا آخری آڈیو پیغام شیئر کیا ہے۔

آڈیو میسیج کی آواز سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ حمیرا اصغر اس وقت کسی طرح کی پریشانی کا شکار نہیں تھیں، وہ نارمل اور صاف آواز میں بات کرتی سنائی دیتی ہیں۔

اداکارہ کی دوست در شہوار نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران ان کا آخری آڈیو میسیج سنایا، حمیرا اصغر نے در شہوار کو یہ وائس میسج 2024 کے ستمبر میں واٹس ایپ پر بھیجا تھا۔

آڈیو پیغام میں حمیرا اصغر اپنی دوست سے وقت نہ ملنے پر معذرت کرتی سنائی دیتی ہیں اور انہیں بتاتی ہیں کہ وہ بہت مصروف تھیں، اداکارہ حمیرا نے وائس میسج میں کہا کہ ” میں بہت مصروف تھی جس کی وجہ سے میں تمھارا فون کال رسیو نہیں کر سکی”۔

حمیرا مکہ مکرمہ میں موجود درشہوار سے کہتی ہیں کہ میں بہت خوش ہوں کہ تم مکہ میں ہو، میرے لیے دعا کرنا، میرے کیرئیر کے لیے دعا کرنا۔

حمیرا اصغر کی قریبی دوست اور معروف فیشن ڈیزائنر درشہوار نے  انکشاف کیا ہے کہ حمیرا ان کے لیے محض ایک دوست نہیں بلکہ خاندان کے فرد جیسی تھیں، حمیرا نہ صرف ایک باصلاحیت اداکارہ تھیں بلکہ ایک عمدہ مصورہ بھی تھیں۔

حمیرا اصغر کی لاش فلیٹ میں پڑی سڑ گئی! رونگٹے کھڑے کر دینے والے انکشافات

خیال رہے پاکستانی اداکارہ و ماڈل حمیرہ اصغر علی، جن کی عمر بیالیس برس تھی، کی لاش 8 جولائی 2025ء کو کراچی کے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز VI میں ان کے کرائے کے اپارٹمنٹ سے ملی۔ یہ دریافت بقایا کرایہ نہ ادا کرنے کی وجہ سے عدالتی حکم پر بے دخلی کے دوران ہوئی۔

لاش انتہائی گل سڑی حالت میں تھی، جو اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ ان کی وفات ممکنہ طور پر اکتوبر 2024ء میں ہوئی۔

پولیس نے ابتدائی طور پر قتل کا امکان مسترد کر دیا ہے، کیونکہ اپارٹمنٹ اندر سے بند تھا اور کوئی زبردستی داخلے کے آثار نہیں ملے۔ فورنزک رپورٹس کا انتظار ہے تاکہ موت کی وجہ معلوم ہو سکے۔

حمیرا اصغر کیس سے متعلق تمام خبریں

حمیرا تماشا گھر اور فلم جلیبی (2015) میں اپنے کرداروں کی وجہ سے مشہور تھیں، وہ ایک ماہر مصورہ اور مجسمہ ساز بھی تھیں، جن کے انسٹاگرام پر 715,000 فالوورز تھے اور ان کی آخری پوسٹ 30 ستمبر 2024ء کو تھی۔

ان کی موت نے شوبز انڈسٹری میں صدمے کی لہر دوڑا دی، جہاں سونیا حسین، عتیقہ اوڈھو اور دیگر نے افسوس کا اظہار کیا۔ یہ کیس تنہائی اور ذہنی صحت کے مسائل پر بحث چھیڑ گیا ہے۔