کراچی : اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کی تحقیقات میں پولیس کو گھر سے اہم شواہد مل گئے، جس میں بتایا گیا اداکارہ کی موت کب ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کی تحقیقات جاری ہے ، تفتیشی پولیس نے بتایا کہ فلیٹ سے یوٹیلیٹی بلز اور گھر کے کرائے کی سلپ مئی 2024 تک کی ملی ہے۔
تفتیشی پولیس کا کہنا تھا کہ اداکارہ کی موت سے قبل کپڑے دھونے کے شواہد ملے ہیں، لاش بیڈ روم کے ساتھ والے کمرے میں موجود تھی، جس کمرے سے لاش ملی ہے، اس کے واش روم کے ٹب میں کپڑے موجود تھے اور جس کمرے میں لاش تھی وہاں بالکونی کا دروازہ کھلا ہوا تھا۔
حکام نے بتایا کہ حمیرا کی موت 7 اکتوبر 2024 کو ہوئی، پڑوسیوں کو دسمبر2024 میں فلیٹ سے بدبو محسوس ہوئی لیکن 8 جولائی کو بیلف، پولیس اورلاک کاٹنے والے شخص کے ہمراہ فلیٹ پہنچا تو اداکارہ کی لاش ملی۔
مزید پڑھیں : حمیرا اصغر کے شناختی کارڈ سے متعلق اہم انکشاف
پولیس کے مطابق فلیٹ کے مین دروازے کو ڈبل لاک اندر کی جانب سے لگایا گیا تھا، کیمیکل ایگزامینیشن اورفائنل میڈیکل رپورٹ سے وجہ موت کاتعین ہوگا۔
اس سے قبل حمیرا اصغیر کے فلیٹ سے 3 موبائل فونز، ٹیبلٹ، ڈائری اور مختلف دستاویز ملے ہیں۔ اداکارہ کے زیر استعمال ٹیبلٹ خراب ہے تاحال نہیں کھولا جا سکا۔ ان کے نام پر 3 سمز تھیں جو موبائل فونز میں لگی تھیں۔
تفتیش حکام کے مطابق ان کے 2 موبائل فونز پر کوئی پاسورڈ نہیں تھا جبکہ ڈائری میں ایک موبائل فون اور ٹیبلیٹ کا پاسورڈ لکھا تھا، ان کے تینوں موبائل میں 2215 نمبرز موجود ہیں، فون ریکارڈ کے مطابق اکتوبر 2024 کے ابتدا میں انہوں نے اپنے بھائی سے بھی رابطے کی کوشش کی تھی۔
حمیرا اصغر کیس – Humaira Asghar Ali
پس منظر
اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر، جن کی عمر بیالیس برس تھی، کی لاش 8 جولائی 2025ء کو کراچی کے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز VI میں ان کے کرائے کے اپارٹمنٹ سے ملی۔ یہ دریافت بقایا کرایہ نہ ادا کرنے کی وجہ سے عدالتی حکم پر بے دخلی کے دوران ہوئی۔
لاش انتہائی گل سڑی حالت میں تھی جو اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ ان کی وفات ممکنہ طور پر اکتوبر 2024ء میں ہوئی۔
پولیس نے ابتدائی طور پر قتل کا امکان مسترد کر دیا ہے کیونکہ اپارٹمنٹ اندر سے بند تھا اور کوئی زبردستی داخلے کے آثار نہیں ملے، فورنزک رپورٹس کا انتظار ہے تاکہ موت کی وجہ معلوم ہو سکے۔
اداکارہ و ماڈل تماشا گھر اور فلم جلیبی (2015) میں اپنے کرداروں کی وجہ سے مشہور تھیں، وہ ایک ماہر مصورہ اور مجسمہ ساز بھی تھیں جن کے انسٹاگرام پر 715,000 فالوورز ہیں اور ان کی آخری پوسٹ 30 ستمبر 2024ء کو تھی۔