لاہور: انسانی اسمگلرز کا ایک بھیانک روپ سامنے آیا ہے، پنجاب پولیس اور ایف آئی اے کی ایک مشترکہ کارروائی میں محمد سعید نامی انسانی اسمگلر گرفتار ہوا ہے جس نے ایک شہری بلال شاہد کو یونان بھیج کر بے رحمی سے لوٹ لیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کو ایک شہری کی جانب سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 4 ملزمان کے خلاف شکایت موصول ہوئی تھی، جس پر وہاڑی پولیس نے انسانی اسمگلر ملزم محمد سعید کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ملزمان شہریوں کو یونان میں ملازمت کا جھانسہ دے کر ان سے تاوان وصول کرتے تھے، سعید اور ظفر نے مدعی بلال سے 7 لاکھ روپے یونان بجھوانے کے لیے وصول کیے تھے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ملزمان نے بلال شاہد کو کراچی ایئر پورٹ سے قطر کے راستے لیبیا بھجوایا، ملزمان محمد رفیق اور جمشید نے لیبیا میں بلال شاہد کو ریسیو کیا اور 3 ماہ تک نظر بند رکھا۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے اس کے بعد بلال شاہد کو کشتی کے ذریعے سمندری راستے سے یونان روانہ کر دیا، سفر کے دوران لیبیا کے سیکیورٹی اداروں نے بلال شاہد کو دیگر مسافروں کے ہمراہ گرفتار کر لیا۔
ملزمان نے بلال شاہد کو دیگر مسافروں سمیت لیبیا کی فورسز سے وصول کیا اور انھیں یرغمال بنائے رکھا، بعد ازاں انھوں نے مدعی بلال شاہد کے والد سے 5 ہزار ڈالر لے کر اسے واپس پاکستان بجھوا دیا۔