بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں ساؤتھ انڈین فلم اسٹار یش کی آئندہ آنے والی فلم کے سیٹ کیلیے سینکڑوں درخت کاٹ دیے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کاٹے گئے درخت پینیا-جلاہلی میں 599 ایکڑ کے جنگلاتی علاقے پر تھے جس کا انتظام ہندوستان مشین ٹولز (HMT) کے پاس ہے۔
کرناٹک کے وزیر جنگلات ایشور کھنڈرے نے سیٹلائٹ تصاویر کا جائزہ لینے کے بعد ان اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم جاری کیا جنہوں نے درختوں کی کٹائی کی اجازت دی۔
ایشور کھنڈرے نے ملوث اہلکاروں پر تنقید کرتے ہوئے انہیں درختوں کی کٹائی کی منظوری دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے جنگل کے اُس حصے کا دورہ کیا اور فلم کا سیٹ بنانے کیلیے زمین پر بڑے پیمانے پر درختوں اور پودوں کو ہٹانے کا مشاہدہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایچ ایم ٹی اور محکمہ جنگلات کے درمیان جاری تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔ دورے کے دوران حکام نے وزیر کو بتایا کہ زمین کا کچھ حصہ فلم کی شوٹنگ کیلیے کرائے پر دیا گیا۔
جنگلات اور ماحولیات کیلیے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو لکھے گئے اپنے خط میں ایشور کھنڈرے نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ 599 ایکڑ کے علاقے کو سرکاری طور پر ایک گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے ’محفوظ جنگل‘ قرار دیا گیا۔
انہوں نے اس بات کا بھی مشاہدہ کیا کہ ایچ ایم ٹی روزانہ فلم کی شوٹنگ کیلیے زمین کرائے پر دے رہا ہے اور یہاں تک کہ اس نے ایک آرٹ سیٹ بنانے کی اجازت بھی دی۔
کرناٹک کے وزیر نے درختوں کی غیر قانونی کٹائی پر تشویش کا اظہار کیا۔ ایشور کھنڈرے نے زور دے کر کہا کہ فارسٹ ایکٹ کے تحت جنگل کی زمین پر بغیر اجازت درخت کاٹنا قابلِ سزا جرم ہے۔