بنگلورو : بھارت میں ٹماٹر کی فصل خراب ہونے کے بعد ٹماٹر کی فی کلو قیمت 150 روپے کلو تک جا پہنچی ہے اور نوبت یہاں تک آگئی کہ ڈکیتوں نے اسے کوٹنا بھی شروع کردیا۔
اس حوالے سے کرناٹکا میں ٹماٹروں کی لوٹ مار کا واقعہ سامنے آیا ہے جس پر عوام بھی حیران رہ گئے، پولیس نے ٹماٹروں کی ڈکیتی میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش بھی جاری ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق لوٹ مار کی یہ واردات 8 جولائی کو کی گئی تھی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار جوڑے کی شناخت بھاسکر اور اس کی بیوی سندھوجا کے نام سے ہوئی ہے۔ اس واردات میں ملوث مزید تین ملزمان راکی، کمار اور مہیش کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ان ملزمان نے 8 جولائی کو بنگلورو میں ایک کسان کو جان سے مارنے کی دھمکی دے کر 2ہزار کلو ٹماٹر لے جانے والی گاڑی لوٹ لی تھی۔
مذکورہ کسان کولار مارکیٹ میں ٹماٹر فروخت کرنے کیلئے لے کر جا رہا تھا، ٹماٹر دیکھنے کے بعد ملزمان کے گروہ نے اس کی گاڑی کا پیچھا کیا اور چیکاجالا کے قریب گاڑی رکوائی اور کسان اور گاڑی کے ڈرائیور پر حملہ کیا اور گاڑی کو ٹکر مارنے کا الزام لگا کر بھاری رقم ہتھیالی۔
اس کے بعد ملزمان نے ٹماٹروں سے بھری گاڑی سے کسان اور ڈرائیور کو دھکا دے کر گرا دیا اور ٹماٹروں سے بھری گاڑی لے کر فرار ہوگئے۔
تحقیقاتی افسر نے بتایا کہ ملزمان میاں بیوی گاڑی کو چنائی لے گئے اور وہاں ٹماٹر مہنگے داموں فروخت کردیے اور گاڑی کو وہیں چھوڑ کر دوسری گاڑی میں فرار ہوگئے، جس پر رجسٹریشن نمبر پلیٹ نہیں تھی۔
خیال رہے کہ کرناٹک میں ٹماٹر کی قیمت 120 سے 150 روپے تک پہنچ گئی ہے اور کسانوں کو اپنے ٹماٹر کی فصل کی حفاظت کرنی پڑ رہی ہے۔