بھارت کی ریاست تلنگانہ میں بیوی کی ڈنٹ ڈپٹ سے تنگ آ کر دو بچوں کے باپ نے کنویں میں کود کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ ریاست کے کورٹلہ ضلع میں پیش آیا۔ 25 سالہ نوجوان کی شادی پانچ سے قبل لکشمی نامی لڑکی سے ہوئی تھی اور جوڑے کے دو بچے ہیں۔
میاں بیوی میں اکثر کسی نہ کسی بات پر جھگڑا ہوا کرتا تھا۔ کبھی کبھار بات تلخ کلامی اور ہاتھا پائی تک پہنچ جاتی تھی۔
دو روز قبل بیوی کے جھگڑنے پر نوجوان دلبرداشتہ ہو کر گھر سے نکلا اور قریب میں موجود کنویں میں کود کر جان دے دی۔ علاقہ مکینوں کے مطابق وہ بیوی کی ڈانٹ ڈپٹ سے بے عزتی محسوس کرتا تھا۔
پولیس نے کنویں سے لاش نکال کر پوسٹ مارٹم کیلیے اسپتال منتقل کر دی اور معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔ اب تک کوئی گرفتاری یا مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
کچھ روز قبل ریاست راجستھان میں روزانہ بیوی کے ہاتھوں پٹنے والا شوہر بالآخر اذیت سے پریشان آ کر پولیس اسٹیشن پہنچا تھا۔ وکرم نامی شخص کو اس کی بیوی رچنا روزانہ تشدد کا نشانہ بناتی تھی۔ ایک دن وہ تنگ آکر رچنا کے خلاف ایف آئی آر کٹوانے پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔
تھانے میں جب اس نے شکایت بیان کی تو اہلکار حیران رہ گئے۔ اس نے بتایا کہ میری اہلیہ مجھے طمانچہ مارتی ہے اور کالر سے پکڑ کر کھیچنتی بھی ہیں، وہ مجھے گالیاں دیتی ہے اور دھمکاتی بھی ہے کہ تمہاری نازیبا ویڈیوز بنا کر نہ تمہارے والدین کو بھیجوں گی بلکہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل کر دوں گی۔
شوہر نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ میری بیوی مجھے سب کے سامنے ذلیل کرتی ہے۔ پولیس نے خاتون کے خلاف مقدمہ درج کر کے معاملے کی تفتیش شروع کی۔ پولیس کے مطابق میاں بیوی کے درمیان کافی وقت سے تنازع چل رہا ہے اور جوڑے کے دو بچے بھی ہیں۔