پنجاب میں شوہر نے بیوی کو ذبح کرنے کے بعد خودکشی کر لی

دوست کا پیسوں کیلئے دوست پر چھری سے حملہ

پنجاب کے شہر مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی میں آئس کے نشے کے عادی شخص نے گھریلو جھگڑے کے بعد بیوی کو ذبح کر دیا۔

بیٹ میرہزار میں باقر حسین نامی شخص نے گھریلو جھگڑے کے بعد پہلے اپنی بیوی نرجس کو ذبح کر کے قتل کیا، جب ملزم کا بھائی غلام حسین بھابھی کو بچانے آیا تو اسے بھی چھری کے وار کر کے قتل کر دیا۔

دو افراد کو قتل کرنے کے بعد ملزم باقر حسین نے اپنے گلے پر بھی چھری پھیر کر خودکشی کر لی۔

ایس ایچ او تھانہ بیٹ میرہزار حمزہ چانڈیہ کے مطابق ملزم آئس کے نشے کا عادی تھا اور اکثر بیوی کو تشدد کا نشانہ بھی بناتا رہتا تھا جس کے باعث گھر میں لڑائی جھگڑا بھی رہتا تھا۔

تینوں افراد کی لاشیں ٹی ایچ کیو اسپتال جتوئی منتقل کر دی گئیں۔ پولیس کے مطابق معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی اور واقعے کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ ہفتے پشاور میں ڈھائی سالہ کمسن بیٹی کو ذبح کرنے والے درندہ صفت باپ کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزم نے گرفتاری کے بعد سنسنی خیز انکشافات کیے تھے۔

ملزم کا کہنا تھا کہ روزگار نہیں مل رہا تھا بیوی کام نہ کرنے کے طعنے دیتی تھی، روزگار نہ ملنے کے باعث میں ذہنی پریشانی کا شکار تھا، اس دن بھی میں پریشان تھا بچی رو رہی تھی چپ نہ ہونے پر قتل کر دیا۔