حیدرآباد میں گرمی کی شدت کے پیش نظر انٹرمیڈیٹ امتحانات کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق حیدرآباد کے تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا شیڈول جاری کردیا ہے، سیکنڈ ایئر کے امتحانات 28 مئی جبکہ فرسٹ ایئر کے 5 جون سے شروع ہوں گے۔
ناظم امتحانات مسرور احمد زئی کا کہنا ہے کہ گرمی کے پیش نظر صبح کے پرچے ساڑھے 8 سے ساڑھے 11 تک جاری رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شام کے پرچے دوپہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک لیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں : انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی تاریخ تبدیل
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہیٹ ویو کے پیش نظر سندھ بھر میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کی تاریخ تبدیل کی گئی تھی، وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ محمدعلی ملکانی کی سفارش پر امتحانات کی تاریخ تبدیل کرنے کی منظوری دی تھی۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق انٹر کے امتحانات 22 مئی کی بجائے اب 27 مئی سے ہوں گے، اس حوالے سے یونیورسٹیز اینڈ بورڈ نے امتحانات کی تاریخ تبدیل کرنےکا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا۔