امریکا کی ریاست اوہائیو میں پچھلے ایک ماہ سے لاپتا بھارت کے شہر حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے مسلم طالب علم کی لاش مل گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متوفی کی شناخت محمد عبدالعرفات کے نام سے ہوئی جس کی موت کی تصدیق نیویارک میں بھارتی قونصل خانے کی جانب سے کی گئی۔
قونصلیٹ جنرل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ جان کر بہت دکھ ہوا کہ محمد عبدالعرفات اوہائیو میں مردہ پائے گئے۔
قونصلیٹ کے مطابق طالب علم کی موت کی مکمل تحقیقات کو یقینی بنانے کیلیے امریکا کی مقامی ایجنسیوں سے رابطے میں ہیں جبکہ ہم سوگوار خاندان کو میت بھارت پہنچانے کیلیے ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔
محمد عبدالعرفات 2023 میں کلیولینڈ یونیورسٹی سے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کرنے کیلیے امریکا آیا تھا اور 25 سالہ نوجوان 7 مارچ کو لاپتا ہوا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 19 مارچ کو طالب علم کے اہل خانہ کو تاوان کی کال موصول ہوئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ اسے منشیات فروخت کرنے والے گروہ نے اغوا کر لیا ہے اور رہائی کیلیے 1200 ڈالر کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
متوفی کے والد نے بتایا تھا کہ کال کرنے والے نے تاوان ادا نہ کرنے کی صورت میں بیٹے کے گردے فروخت کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔