بولنگ کوچ بھی شاہین آفریدی سے سیکھنے لگے

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے بولنگ کوچ شان ٹیٹ اسٹار بولر شاہین شاہ آفریدی سے سیکھنے لگے۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل شروع ہونے سے قبل گفتگو کرتے ہوئے شان ٹیٹ نے انکشاف کیا کہ انہیں خود شاہین آفریدی سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔

شان ٹیٹ نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی ایک بہترین بولر ہیں ان کے ساتھ گزرا وقت اچھا رہا ہے وہ بہت سے سوالات کرتے ہیں میں اب تک ان کے ساتھ انجوئے کررہا ہوں اور حقیقت یہ ہے کہ میں ان سے بہت کچھ سیکھ رہا ہوں۔

فاسٹ بولر شان ٹیٹ 12 ماہ کے لیے پاکستان ٹیم کے ساتھ بطور بولنگ کوچ رہیں گے اور آسٹریلیا سے سیریز ان کا پہلا امتحان ہے۔

کوچ نے اب تک بولرز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیٹنگ کے لیے سازگار پچ پر فاسٹ بولرز نے اچھی بولنگ کی ہے۔ وہ نوجوان بولر نسیم شاہ کی بولنگ سے بھی متاثر ہیں انہوں نے ابھرتے ہوئے اسٹار بولر کی عمدہ بولنگ کی تعریف بھی کی۔