لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ اب انٹرنیشنل کرکٹ سے ون ڈے کو ختم کردینا چاہیے۔
برطانوی اخبار ٹیلی گراف سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ بین اسٹوکس کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہونا افسوس ناک ہے لیکن میں ان سے متفق ہوں کہ انہوں نے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی۔
انہوں نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ ختم ہورہی ہے، کرکٹ حکام کو بھی اب 50 اوورز کی کرکٹ ختم کرنے پر غور کرنا چاہیے، بحیثیت کمنٹیٹر بھی مجھے اب ون ڈے کرکٹ طویل لگتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب صرف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ہے، ٹی ٹوئنٹی آسان ہے چار گھنٹے میں کھیل ختم ہو جاتا ہے، اور دوسری جانب ون ڈے کرکٹ ایسا لگتا ہے جیسے میچ کئی دنوں تک ہو رہا ہے، ایک روزہ میچ کھلاڑیوں کے لیے بھی تھکا دینے والا ہوتا ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اسی لیے اب کھلاڑی ٹی ٹو ئنٹی اور ٹیسٹ پر فوکس کر رہے ہیں، میرے خیال میں ون ڈے کرکٹ کو اب انٹرنیشنل کیلنڈر سے ختم کر دینا چاہیے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ انگلینڈ میں ہاؤس فل ہوتا ہے جبکہ پاکستان، بھارت، بنگلا دیش سری لنکا اور جنوبی افریقا میں ون ڈے میچز کے دوران اسٹیڈیمز فل نہیں ہوتے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب ہر طرف ٹی ٹوئنٹی لیگز ہو رہی ہیں اور اس میں پیسہ بھی بہت ہے، اسی لیے کھلاڑی مختصر فارمیٹ کی کرکٹ کو ترجیح دیتے ہیں۔