اسمبلیوں سے نکلنے کی تیاری مکمل، کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، عمران خان

لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ اٹل ہے، اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق زمان پارک میں قوم سے ویڈیو لنک خطاب میں عمران خان نے کہا کہ میری اسمبلی سے نکلنے کی تیاری دسمبر میں ہوجائے گی، اسمبلی سے نکلنے کے پلان میں تبدیلی نہیں کرینگے۔

سابق وزیراعظم نے حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ بیٹھ کرکیا کریں ، ان کے پاس کیا فارمولہ ہے؟، ان چوروں پر قوم اور سرمایہ کاروں کو اعتماد نہیں ہے،یہ لوگ ملک کو ٹھیک نہیں کرسکتے ان کے ساتھ کیا باتیں کریں۔

یہ بھی پڑھیں: جب بھی انتخابات ہوئے، پی ٹی آئی کامیاب ہوگی، عمران خان

انہوں نے کہا کہ میں انہیں 30سال سےجانتا ہوں،جون میں کہا تھا یہ ملک تباہ کردیں گے،ان کو جب موقع ملا لوٹ مار کرکے ملک سے بھاگے،اب دوبارہ آئیں تو اپنے کیسز ختم کرالئے اور مجھے نااہل کرانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

عمران خان نے الیکشن کمیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس سے زیادہ بد دیانت الیکشن کمشنر پہلے کبھی نہیں آیا، خبردار کررہا ہوں کہ مجھےنا اہل کرکے الیکشن کمیشن مزید ذلیل ہوگا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم پر چوروں کا ٹولہ مسلط کیا گیا، یہ لیڈر تیس سال میں اربوں روپے چوری کرکے باہر لے گئے،جن کا پیسہ باہر ہے انکو روپے کی قدر گرنے سے فرق نہیں پڑے گا۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں شورمچایا ہوا تھا کہ میں نے مہنگائی کردی،وہ چینلز اب چپ ہیں ،کچھ بول نہیں رہے، ہمارے دور میں مائیک لیکر لوگوں سے پوچھتے تھے کتنی مہنگائی ہے؟ اب ان چینلز کو گھڑی کی پڑی ہوئی ہے،وہ میری ذاتی گھڑی ہے بیچ دوں یا نہیں میری مرضی ہے۔