ابراہیم حیدری میں منشیات کی کھلے عام فروخت، بچے اور خواتین بھی نشے کے عادی

کراچی: شہر قائد کے علاقے ابراہیم حیدری میں عمرکالونی کے قریب منشیات کی کھلے عام فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ابراھیم حیدری میں عمر کالونی کے قریب بچوں کے سامنے منشیات کی خرید و فروخت کی فوٹیج اے آروائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

علاقہ مکین کے مطابق پولیس نمائشی کارروائی کر کے چلی جاتی ہے منشیات کھلے عام فروخت ہو رہی ہے، روزانہ لاکھوں روپے کی منشیات ابراہیم حیدری میں بیچی جارہی ہے۔

علاقہ مکین کا بتانا ہے کہ ابراہیم حیدری میں بچے اور خواتین بھی نشے میں لگ گئے ہیں،چند روز قبل بھی کم عمر  بچے کے نشہ کرنے کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو دیکھی ہے اس سے متعلق مزید معلومات حاصل کررہے ہیں، منشیات فروشوں کے خلاف جلد گرینڈ آپریشن کیا جائے گا، چند روز قبل بھی بڑی تعداد میں نشے کے عادی افراد کو اسپتال منتقل کیا تھا۔