ڈی آر ایس پر آئی سی سی کا بیان آگیا

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ڈی آر ایس کے معاملے پر آئی سی سی کا اہم بیان آگیا۔

گزشتہ روز چنئی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے 26ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی، جنوبی افریقہ نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 271 رنز کا ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

تاہم میچ کے دوران دو ڈی آر ایس موضوع بحث بن گئے جس پر سوشل میڈیا صارفین اور سابق کرکٹرز کی جانب سے شدید تنقید کی گئی۔

حارث رؤف کی گیند پر ڈی آر ایس کو امپائر کی کال پر ناٹ آؤٹ قرار دیا گیا جو قانون کے مطابق ٹھیک تھا لیکن اسامہ میر کی گیند پر ڈی آر ایس پر آئی سی سی کی وضاحت آگئی ہے۔

جنوبی افریقا کی اننگز کے 19 ویں اوور میں اسامہ میر کی ایک گیند پروٹیز بیٹر رسی وین ڈر ڈوسن کے پیڈ پر لگی، اسامہ میر کی جانب سے زوردار اپیل کی گئی جس پر امپائر پال ریفل نے انہیں آؤٹ قرار دیا۔

پروٹیز بیٹر کی جانب سے امپائر کے فیصلے کے خلاف ریویو لیا گیا اور جب ٹی وی پر ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کے ذریعے گیند کو دکھایا گیا تو اسامہ میر کی فلیپر گیند کو پہلے وکٹوں سے بہت باہر جاتے دکھایا گیا لیکن کچھ ہی لمحے بعد ایک اور ٹی وی ری پلے دکھایا گیا جس پر گیند وکٹوں کو چھو رہی تھی۔

یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد آئی سی سی کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس پر آئی سی سی کو معاملے کی وضاحت بھی دینا پڑی۔

آئی سی سی کی جانب سے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پہلے دکھائے گئے ڈی آر ایس ری پلے میں غلطی تھی جبکہ دوسرا ڈی آر ایس ری پلے درست تھا اس لیے وین ڈر ڈوسن کو 21 رنز پر آؤٹ قرار دیا گیا کیونکہ اسامہ میر کی فلیپر گیند سیدھی وکٹوں کو چھو رہی تھی۔