آئی سی سی نے ویمنز ورلڈ کپ کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کر دیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کیلئے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کیا ہے جو انعامی رقم کے لحاظ سے تاریخی ہے۔

آئی سی سی کی گورننگ باڈی کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق ویمن ورلڈکپ کی مجموعی انعامی رقم 13.88 ملین ڈالر(پاکستانی روپوں میں 3.928 ارب روپے)  رکھی گئی ہے۔

یہ انعامی رقم 2022 کے ایڈیشن میں پیش کی گئی 3.5 ملین ڈالر کی انعامی رقم سے تقریباً چار گنا زیادہ ہے، ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو 4.48 ملین ڈالر اور رنر اپ کو 2.24 ملین ڈالر ملیں گے۔

آئی سی سی کے مطابق سیمی فائنلسٹ ٹیموں کو  1.12 ملین ڈالر کی انعامی رقم ملے گی، آٹھ ٹیموں پر مشتمل یہ مقابلہ بھارت اور سری لنکا کے مشترکہ میزبانی میں 30 ستمبر سے شروع ہوگا۔

ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں اب بھاری انعامات دیے جائے گے، ٹورنامنٹ میں شریک ہر ٹیم کو کم از کم 250,000 ڈالر (پاکستانی روپوں میں 70.7 ملین روپے) ملیں گے، اور گروپ اسٹیج کی ہر فاتح ٹیم کو 34,314 ڈالر کا اضافی انعام ملے گا۔

پانچویں اور چھٹی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو 700,000 ڈالر (پاکستانی روپوں میں 198.1 ملین روپے) حاصل کریں گی، جبکہ ساتویں اور آٹھویں پوزیشن والی ٹیمیں بالترتیب 280,000 ڈالر (پاکستانی روپوں میں 79.2 ملین روپے) حاصل کریں گی۔