کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کا آج سے باضابطہ آغاز ہو رہا ہے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ مدمقابل ہوں گی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے تحت دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ میلے ون ڈے ورلڈ کپ کے 13 ویں ایڈیشن کا آج سے باضابطہ کا آغاز ہو رہا ہے۔ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور گزشتہ ورلڈ کپ کی رنر اپ نیوزی لینڈ آج احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں افتتاحی میچ میں مدمقابل ہوں گی۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہو گا۔
46 روز تک جاری رہنے والے اس کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ میں دُنیا کی 10 بہترین ٹیمیں چمچماتی ٹرافی حاصل کرنے کے لیے مقابلہ کریں گی۔ جن کے درمیان 10 مقامات پر فائنل سمیت 48 مقابلوں کا انعقاد ہوگا۔ فائنل بھی نریندر مودی اسٹیڈیم میں 19 نومبر کو ہوگا۔
1992 ورلڈ کپ کے بعد آج سے شروع ہونے والے عالمی کپ میں ابتدائی مقابلے لیگ یعنی رابن راؤنڈ کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے جس میں ہر ٹیم دوسری ٹیم سے ایک ایک میچ کھیلے گی یعنی فائنل فور سے قبل تمام ٹیمیں 9، 9 میچز کھیلیں گے۔ ان میں پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔
بی سی سی آئی نے روایت کے بر خلاف اس بار ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب منعقد نہیں کی تاہم ایونٹ سے ایک روز قبل احمد آباد میں ورلڈ کپ میں شریک تمام ٹیموں کے کپتانوں سے ملاقات کی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے کپتانوں بابر اعظم اور روہت شرما نے ایک ساتھ انٹری دی تھی۔
جیتنے والی ٹیم کو 19 نومبر کو ٹرافی کے ساتھ ملیں گے 10 ملین ڈالر بھی جس کے لیے آج سے کرکٹ کے بڑے نام میدانوں میں اتریں گے۔ شائقین کرکٹ کو ڈیڑھ ماہ تک میدانوں میں دنیا کے بہترین کھلاڑی صف آرا دیکھنے کو ملیں گے۔ بہترین بیٹرز، خطرناک بولرز، پھرتیلے فیلڈرز ایک سے بڑے کر ایک مقابلہ پیش کرنے کی جستجو کریں گے۔ دنیا بھر میں 800 ملین سے زیادہ لوگ ورلڈ کپ مقابلوں سے ٹی وی اسکرینز پر لطف اندوز ہوں گے۔
دفاعی چیمپئن انگلینڈ سب سے فیورٹ تو بھارت گھر میں جیت کا ہے تگڑا امیدوار۔ میدان میں ہے ریکارڈ 5 بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا تو مدمقابل ہوگی خطرناک پاکستان بھی جو بڑی سے بڑی ٹیم کو ہرانے اور چھوٹی سے ہار جانے کی ناقابل پیشگوئی صلاحیت کی حامل ہے۔ جنوبی افریقہ پر امید تو نیوزی لینڈ پچھلے دو فائنل کی ہار کے بعد اس بار جیت کا عزم لیے ہے شریک۔ افغانستان کی صلاحیت جنگجو کی تو اپ سیٹ کرسکتی ہے بنگلہ دیش بھی۔
بات کریں آج کے افتتاحی میچ کی ٹیموں کی تو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ اتفاق سے ون ڈے کرکٹ میں اعداد وشمار کے لحاظ سے برابر ہیں۔ دونوں ٹیموں نے اب تک 95 باہمی ایک روزہ میچز کھیل رکھے ہیں جن میں سے دونوں نے 44، 44 میچز جیت رکھے ہیں اور ایک میچ بے نتیجہ رہا۔
ورلڈ کپ مقابلوں میں بھی دونوں ٹیمیں فتح کے اعتبار سے برابر ہیں، ان کے درمیان اب تک 10 میچز ہوئے ہیں اور دونوں نے 5، پانچ میچز میں کامیابی سمیٹی ہے۔ البتہ احمد آباد جہاں یہ میچ ہوگا، نیوزی لینڈ کا انگلینڈ کے خلاف پلڑا بھاری ہے جس نے 1996 کے ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں انگلش ٹیم کو 11 رنز سے مات دی تھی۔
پاکستان ورلڈ کپ میں اپنا سفر کل جمعے سے شروع کرے گا حیدرآباد دکن میں کوالیفائر نیدر لینڈ سے مقابلہ ہوگا۔ ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہوگا جس کے لیے شائقین کرکٹ کا جوش وخروش آسمانوں کو چھو رہا ہے۔