آئی سی سی نے کرکٹر کو تاریخ کی دوسری طویل ترین سزا سنا دی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے برطانیہ میں مقیم کلب کرکٹر رضوان جاوید کو کرکٹ کی تاریخ کی دوسری طویل ترین سزا سنا دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آئی سی سی نے برطانیہ میں مقیم کلب کرکٹر رضوان جاوید پر ساڑھے 17 سال تک ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی ہے جو کرکٹ کی تاریخ کی دوسری طویل ترین سزا ہے۔

اس سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے زمبابوکے کرکٹ آفیشل راجن نئیر کو 2018 میں 20 سالہ پابندی کی سزا سنائی تھی۔

رضوان جاوید اُن 8 کھلاڑیوں اور آفیشلز میں شامل تھے جن پر ستمبر 2023 میں آئی سی سی نے 2021 کی ابوظہبی ٹی 10 لیگ میں بدعنوانی کے الزامات عائد کیے تھے۔ ان افراد میں بنگلہ دیش کے بین الاقوامی کھلاڑی ناصر حسین بھی شامل تھے جو دو سالہ پابندی کی سزا بھگت رہے ہیں۔

اس حوالے سے آئی سی سی کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رضوان الزامات کا جواب دینے میں ناکام رہے، اُن پر ایمریٹس کرکٹ بورڈ  کے اینٹی کرپشن کوڈ کی پانچ شقوں کی خلاف ورزی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے یہ اب تک سنائی گئی سزاؤں میں دوسری طویل ترین سزا ہے۔ اس سے قبل آئی سی سی نے زمبابوے کے کرکٹ آفیشل راجن نیئر کو 2018 میں 20 سال پابندی کی سزا سنائی تھی۔

آئی سی سی کے جنرل منیجر انٹیگریٹی اور ایلکس مارشل نے کہا کہ رضوان جاوید کو دیگر ساتھی کرکٹرز کو بدعنوانی میں ملوث کرنے کی بار بار کوششوں کی وجہ سے طویل سزا دی گئی ہے اور ان پر طویل پابندی کی یہ سزا ان دوسرے بدعنوانوں کو واضح پیغام ہے جو کسی بھی سطح پر کرکٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔