پاکستان کے اختلافات کے باوجود آئی سی سی کا نیا فنانشل ماڈل منظور

ڈربن: پاکستان کے اختلافات کے باوجود آئی سی سی کا نیا فنانشل اور ڈسٹری بیوشن ماڈل منظور کرلیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈربن میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگ کے بعد ماڈل منظور کیا گیا، پی سی بی چاہتا تھا کہ اہم معاملے پر جلد بازی نہ کی جائے۔

نئے ماڈل کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ کو پہلے سے دگنی رقم ملے گی۔

آئی سی سی سے زیادہ ریونیو حاصل کرنے والے ملکوں میں پاکستان چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ریونیو میں اضافے کا مطلب یہ ہے کہ وہ پاکستان کی کرکٹ کی ترقی میں بہت زیادہ انویسٹمنٹ کرسکے گا جس سے پاکستان کی کرکٹ کو مزید بلندی پر لے جانے میں مدد ملے گی۔

علاوہ ازیں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے آئی سی سی کے اجلاس کے دوران مختلف کرکٹ بورڈز کے حکام سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں دو طرفہ روابط اور کرکٹ کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔