آئی سی سی نے ون ڈے فارمیٹ میں کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے بھارتی پیسر سراج کو ایشیا کپ کے فائنل میں بہترین کارکردگی نے نمبر ون بنا دیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے۔ ایشیا کپ کے نتائج نے کئی کھلاڑیوں کو ترقی اور تنزلی کرائی ہے تاہم بیٹرز میں قومی کپتان بابر اعظم کی بادشاہت برقرار ہے اور وہ بدستور نمبر ون بیٹر ہیں۔
ایشیا کپ کے فائنل میں ناقابل فراموش کارکردگی دکھانے والے بھارتی پیسر محمد سراج کو ان کی محنت کا صلہ مل گیا ہے اور نمبر ون بولر بن گئے ہیں۔
آئی سی سی کی جاری فہرست کے مطابق ٹاپ ٹین بیٹرز میں بابر اعظم بدستور سرفہرست ہیں۔ ایشیا کپ کے حالیہ دو میچز میں خراب بیٹنگ پرفارمنس نے ان کے مجموعی پوائنٹس 863 سے کم کرکے 857 ضرور کر دیے ہیں لیکن دور دور تک حریف نہ ہونے پر وہ اپنی پوزیشن پر موجود ہیں۔
بھارتی اوپنر شبمن گل بیٹرز کی دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں ایشیا کپ میں اچھی پرفارمنس نے ان کے پوائنٹس میں قابل قدر اضافہ کیا ہے جو 759 سے بڑھ کر 814 ہوگئے ہیں۔
جنوبی افریقا کے بیٹر رسی وینڈر تیسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ امام الحق ایک درجہ بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ مسلسل خراب فارم کے باعث پاکستانی اوپنر فخر زمان کی ٹاپ ٹین سے بے دخلی ہوگی ہے اور وہ 11 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
بولرز رینکنگ میں محمد سراج نے آسٹریلین جوش ہیزل ووڈ سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے۔ وہ 694 پوائنٹس کے ساتھ نمبر ون پوزیشن پر براجمان ہوگئے ہیں۔ آسٹریلوی پیسر دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں جب کہ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ قومی اسٹار فاسٹ بول شاہین شاہ اس فہرست میں دسویں پوزیشن پر ہیں۔