آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان، پاکستانی کرکٹر بھی شامل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ماہ نومبر کے بہترین کھلاڑی (مینز اور ویمنز) کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا ہے جس میں ایک پاکستانی کرکٹر بھی شامل ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ماہ نومبر کے لیے مینز اور ویمنز پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں کٹیگریز میں تین تین کھلاڑی نامزد کیے گئے ہیں جن میں سے ایک ایک کھلاری کو ووٹنگ کے بعد پلیئر آف دی منتھ قرار دیا جائے گا۔

آئی سی سی نے مینز پلیئر آف دی منتھ کے لیے ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ اور گلین میکسویل کے ساتھ حالیہ ورلڈ کپ فائنل کی رنر اپ بھارت کے فاسٹ بولر محمد شامی کو نامزد کیا ہے۔

ٹریوس ہیڈ نے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں انڈیا کے خلاف ورلڈ کپ کے فائنل میں 137 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آسٹریلیا کو چھٹا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا جب کہ گلین میکسویل نے افغانستان کیخلاف ورلڈ کپ کے میچ میں آسٹریلیا کو ناقابل یقین جیت دلائی تھی اور تنہا 202 رنز بنا کر افغانستان کے منہ سے فتح چھین لی تھی۔

اس کٹیگری میں شامل تیسرے کھلاڑی بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی نے ورلڈ کپ میں صرف سات میچوں میں مجموعی طور پر 24 وکٹیں حاصل کیں اور وہ عالمی کپ کی تاریخ میں تیز ترین 50 وکٹیں لینے والے بولر کا اعزاز بھی پانے میں کامیاب ہوئے۔

 

خواتین کی کیٹیگری میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی کھلاڑیوں شارٹ لسٹ کیا گیا ہے جس میں قومی ٹیم کی اسپنر سعدیہ اقبال بنگلہ دیش کی ناہیدہ اختر اور فرغانہ حق شامل ہیں۔

28 سالہ سعدیہ اقبال کا انتخاب گزشتہ ماہ بنگلا دیش کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر کیا گیا ہے۔

سعدیہ نے پہلے ون ڈے میں 13 رنز کے عوض چار وکٹیں لیکر اپنے کیریئر کا بہترین اسپیل کیا تھا۔ دوسرے ون ڈے میں انہوں نے 32 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔ تیسرے ون ڈے میں اگرچہ وہ کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکی تھیں لیکن انہوں نے 10 اوورز میں صرف 30 رنز دیے تھے۔

 

بنگلا دیش کی ناہیدہ اور فرغانہ کو اسی سیریز میں پاکستان کے خلاف شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی منتھ کیلیے نامزد کیا گیا ہے۔