نتیجہ مختلف مگر منظر ایک جیسا، آئی سی سی نے بھی تصویر شیئر کر دی

ورلڈ کپ 2019 اور 2023 کے بھارت اور نیوزی لینڈ میچ کے نتائج تو مختلف رہے لیکن ایک جیسا منظر دیکھنے کو ملا جس کی تصویر آئی سی سی نے شیئر کر دی۔

رواں ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں میزبان بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ اس سے قبل گزشتہ 2019 کے میگا ایونٹ میں بھی یہی دونوں ٹیمیں سیمی فائنل میں میدان میں اتری تھیں لیکن نتیجہ کیویز کی فتح کی صورت میں مختلف تھا لیکن میدان میں ایک منظر ایسا تھا جو چار سال بعد بھی نہ بدلا جس کی تصویر آئی سی سی بھی اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرنے پر مجبور ہو گیا۔

انگلینڈ میں کھیلے گئے 2019 کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا تو اس وقت بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کیوی قائد کین ولیمسن کو گلے لگایا تھا۔

گزشتہ روز جب ممبئی میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تو دنیائے کرکٹ کے دونوں بڑے کھلاڑی پھر میدان میں میں ایک دوسرے سے گلے ملے۔

 

اس موقع پر ولیمسن نے ویرات کوہلی کو فائنل میں رسائی کے ساتھ ون ڈے میں سنچریوں کی نصف سنچری مکمل کرنے کی مبارک باد دی۔

واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے گزشتہ روز اپنے ون ڈے کیریئر کی 50 ویں سنچری مکمل کرکے ہم وطن سچن ٹنڈولکر کا 49 سنچریوں کا ریکارڈ توڑا اس کے ساتھ ہی انہوں نے ورلڈ کپ کے کسی بھی ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ٹنڈولکر کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

ٹنڈولکر نے 2011 کے ورلڈ کپ میں 11 میچوں میں 673 رنز اسکور کیے تھے جب کہ ویرات کوہلی رواں ایڈیشن کے 10 میچوں میں 711 رنز بنا چکے ہیں جب کہ فائنل کی صورت میں ایک میچ باقی ہے۔