رشبھ پنت کو امپائر کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار مہنگا پڑ گیا

بھارتی کرکٹر رشبھ پنت کو انگلینڈ کے خلاف میچ میں امپائر پر کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کرنا مہنگا پڑ گیا۔

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز آئی سی سی نے بھارتی وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر تنبیہ کردی۔

رشبھ پنت آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے اور انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا۔

رشبھ پنت نے انگلینڈ کی اننگز کے دوران 61ویں اوور میں گیند کی کنڈیشن پر امپائر سے بحث کی تھی بعدازاں امپائر کی جانب سے گیند تبدیل کرنے سے انکار پر انہوں نے گیند کو زمین پر مار دیا تھا۔

بھارتی کرکٹر نے سرزنش قبول کرتے ہوئے باضابطہ سماعت کی ضرورت سے گریز کیا ہے۔

واضح رہے کہ آن فیلڈ امپائر پال ریفل اور کرس گیفانی، تھرڈ امپائر شرف الدولہ ابن شاہد اور چوتھے امپائر مائیک برنز نے پنت کے خلاف الزام عائد کیا تھا۔