آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا ’’پرومو اور تھیم‘‘ جاری

بھارت میں رواں سال ہونے والے آئی سی سی ایک روزہ عالمی کپ کا پرومو اور تھیم جاری کر دی گئی ہے جس میں پاک بھارت کرکٹ کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا پرومو اور تھیم جاری کر دیا گیا ہے۔ دو منٹ 13 سیکنڈ پر مشتمل اس تھیم کی ویڈیو میں شریک تمام ٹیموں کی جھلکیا دکھائی گئی ہیں تاہم روایتی حریف پاکستان اور بھارت مقابلے کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔

اس پرومو کی تھیم It takes one day کے نام سے رکھی گئی ہے جس میں گزشتہ ورلڈ کپ کی یادگار جھلکیوں کے ساتھ میدان میں کھیل کے پرجوش لمحات کے ساتھ کرکٹ شائقین کا جوش وخروش بھی دکھایا گیا ہے۔

 

یہ پرومو آئی سی سی کی ٹوئٹر پر آفیشل ویب سائٹ پر جاری کیا گیا ہے جس پر کیپشن دیا گیا ہے کہ ’’ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں تاریخ لکھی جائے گی اور خواب شرمندہ تعبیر ہوں گے۔‘‘

اس رنگا رنگ پرومو کا اختتام بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان پر ہوتا ہے جو ورلڈ کپ کی ٹرافی کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں۔