افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی پر آئی ای ڈی کا حملہ ، اہم کمانڈروں سمیت 6 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد : افغانستان کے صوبے خوست میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سرکردہ کمانڈروں سمیت چھ دہشت گرد آئی ای ڈی حملے میں مارے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صوبے خوست میں کالعدم ٹی ٹی پی پر آئی ای ڈی کا حملہ ہوا ، جس کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے اہم کمانڈروں سمیت چھ دہشت گرد ہلاک اور 15 شدیدزخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق خوست میں کالعدم ٹی ٹی پی کے حملے میں مارے جانے والے دہشت گردوں میں عبدالمنان، عالم خان مدہ خیل اور کجیر سمیت تین نامعلوم دہشتگرد شامل ہیں۔

زخمیوں میں کمانڈر فضل امین، کمانڈر محمد عرف طوفان، کمانڈر نور پایو خان، فقیر اللہ، ترشئی، شتکئی، علی سر خان، زبیر، ہجرت اللہ، کمال، شیر افضل، بخت اللہ، ذبیح اللہ اور دو نامعلوم شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ حملے کے بعد ٹی ٹی پی کی لیڈر شپ میں شدید مایوسی اور اختلافات کی لہر پائی جاتی ہے۔

ٹی ٹی پی لیڈر شپ کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد کے افغانستان کے دورے کے بعد ٹی ٹی پی کےلئے مشکلات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ٹی ٹی پی کارکنوں کے حوالے سے بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

دوسری طرف ایک اور واقعہ میں ٹی ٹی پی کے عمر میدانی گروپ کا انچارچ مکرم خراسانی بھی شدید زخمی ہیں۔