آئی ای ڈی سے فورسز کی گاڑی ٹکرا گئی، میجر سمیت 3 جوان شہید

بلوچستان کے علاقے مستونگ میں فتنہ الہندوستان کی آئی ای ڈی سے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی ٹکرا گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آئی ای ڈی دھماکے میں میجر محمد رضوان طاہر سمیت 3 فوجی جوان شہید ہو گئے۔ شہدا میں نائیک ابن امین  اور لانس نائیک محمد یونس شامل ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کے علاقے میں کلیئرنس آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کےلیے پُرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

وزیراعظم نے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید میجر محمد رضوان طاہر، نائیک ابن امین اور لانس نائیک محمدیونس کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے شہدا کی بلند درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے جب کہ جوابی کارروائی میں فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگردوں کی ہلاکت پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔