پاکستان نے ورلڈ کپ میں رہنا ہے تو آج بنگلہ دیش کو ہر صورت ہرانا ہوگا

ورلڈ کپ میں پاکستان آج اپنا اہم میچ کھیل رہا ہے مسلسل چار شکستوں کے بعد گرین شرٹس کو میگا ایونٹ میں اپنی بقا کے لیے آج ہر صورت بنگلہ دیش کو ہرانا ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کا 31 واں میچ آج کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ گرین شرٹس جو مسلسل چار شکستوں کے باعث میگا ایونٹ سے باہر ہونے کے دہانے پر کھڑی ہے اسے اپنی بقا کے لیے آج کا میچ ہر صورت جیتنا ہوگا۔

پاکستان نے رواں ورلڈ کپ میں اب تک 6 میچز کھیل رکھے ہیں جن میں سے ابتدائی دو میچز نیدر لینڈ اور سری لنکا سے جیتنے کے بعد مسلسل چار شکستوں نے ٹیم کا مورال ڈاؤن کر دیا ہے۔ گرین شرٹس کے چار جب کہ بنگلہ دیش کے دو پوائنٹس ہیں۔ قومی ٹیم آج کا میچ جیت کر دو اہم پوائنٹس حاصل کر کے آگے بڑھنے کا حوصلہ حاصل کر سکتی ہے۔

قومی ٹیم کو فائنل فور میں اپنا چانس برقرار رکھنے کے لیے آج بنگلہ دیش کے خلاف میچ سمیت نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف اپنے اگلے دونوں میچز بھی بھاری مارجن سے جیتنے ہوں گے اس کے بعد بھی نیوزی لینڈ کی دوسری ٹیم سے شکست کی دعائیں کرنا ہوں گی۔

ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں پاکستان کو واضح برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 38 ایک روزہ میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے 33 میں گرین شرٹس جب کہ 5 میں بنگال ٹائیگرز نے کامیاببی حاصل کی ہے۔

ورلڈ کپ میں پاکستان اور بنگلہ دیش اب تک دو بار ٹکرائیں ہیں اور ایک ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔

اس اہم میچ سے قبل گرین شرٹس نے بھرپور تیاریاں کی ہیں اور میچ سے ایک روز قبل کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور مشقیں کیں۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ بریڈ برن کہتے ہیں کہ اب تک ورلڈ کپ میں ہماری کارکردگی معیاری نہیں رہی لیکن کوشش کریں گے کہ اب شائقین کو مایوس نہ کریں۔