’پیپلزپارٹی کرپشن نہیں کرے گی تو اتحاد کریں گے‘

جمعیت علمأ اسلام (ف) کے رہنما راشدسومرو نے کہا ہے کہ ہمارے دروازے ہر جماعت کےلیے کھلے ہیں پیپلزپارٹی کرپشن نہیں کرے گی تو ان سے اتحاد کریں گے۔

کندھ کوٹ میں نیوزکانفرنس کرتے ہوئے راشد محمود سومرو نے کہا کہ امیدواروں کے نام شارٹ لسٹ  کر کے مرکز کو بھیج دیے ہیں امیدواروں کا اعلان آج یا کل کر دیا جائےگا۔

راشد محمود سومرو نے کہا کہ ہر حلقے میں 2کورنگ امیدوار بھی ہوں گے جب کہ 50 سے زائد خواتین بھی انتخابات کیلئے فارم جمع کرا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچے میں 13پولنگ اسٹیشنز ہیں، پی پی امیدوار کو 9 ہزار ووٹ ملے، کچے میں 9 ہزار لوگ کیسے گئے  اور تیر پر ٹھپہ کیسےلگایا؟ کچےمیں جےیوآئی کوایک ووٹ بھی نہیں ملا، کیا کوئی ہمارا ہمدرد نہیں؟

انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز جرائم پیشہ افراد کے قبضے میں ہیں، آروز اور ڈی آراوز نے دھوکا دیا تو بھرپور احتجاج کریں گے، کچےکے پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز کو تعینات کیا جائے۔