’پوری ٹیم نے برُا کھیلا‘ افتخاراحمد کی کھری باتیں

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر افتخار احمد نے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں ٹیم تمام شعبوں میں ناکام رہی جس میں تمام کھلاڑیوں کا قصور ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام باونسر میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ میں ٹیم کی برُی کارکردگی کا ذمہ دار کوئی ایک نہیں بلکہ پوری ٹیم فیل ہوئی، بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں ناکام رہے۔

افتخار نے کہا کہ عالمی کپ میں ٹاپ ٹیمیں اور ٹاپ کے پلیئرز تھے لیکن ہم اس طرح نہیں کھیلے جس طرح بڑی ٹیمیں کھیلتی ہیں ہماری پرفارمنس خراب رہی ہم بڑی ٹیموں کی طرح بڑے لیول کی کرکٹ نہیں کھیل پائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ میں برُا کھیلے جس سے ٹیم کا مورال گرِگیا جو پورے ورلڈکپ میں اثرانداز ہوا۔

آسٹریلیا کے خلاف میچ سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہم جیت سکتے تھے رضوان اور میرا پلان یہی تھا کہ اننگز کو لمبا لے کر جانا ہے لیکن میری وکٹ گرنے کے بعد بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور ہمیں شکست ہو گئی۔