اسلام آباد: انسپکٹر جنرل (آئی جی) بلوچستان عبد الخالق شیخ کو عہدے سے ہٹا کر معظم جاہ انصاری کو عہدے دے دیا گیا۔
موجودہ آئی جی عبدالخالق شیخ کو فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ نئے آئی جی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
پولیس سروس کے گریڈ 22 کے معظم جاہ انصاری کمانڈنٹ ایف سی کے عہدے پر خدمات سر انجام دے رہے تھے۔
انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں صدر نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلیے مؤثر اقدامات پر زور دیا۔
پچھلے دنوں بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشتگردی کے 8 واقعات پیش آئے جن کے خلاف آج مقدمات درج کیے گئے۔ مقدمات میں انسداد دہشتگردی، قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں۔
موسیٰ خیل، بولان، مستونگ، لسبیلہ، قلات سمیت 8 واقعات کے مقدمات سی ٹی ڈی تھانوں میں درج کیے گئے۔
موسیٰ خیل میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے تیئس مسافروں کو بسوں سے اتار کر قتل کیا گیا تھا جبکہ بولان میں ریلوے پل کو دھماکے سے اڑایا دیا تھا اور قلات سے آٹھ افراد کی لاشیں ملی تھیں۔
دہشتگردی کے واقعات میں 39 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ سکیورٹی فورسز سے مقابلے میں 21 دہشتگرد مارے گئے اور کارروائیوں کے دوران 14 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔