ہنگو کی مسجد میں نماز جمعہ کے موقع پر دھماکے کے حوالے سے آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات کا کہنا ہے کہ پولیس کی بروقت کارروائی سے عوام بھاری نقصان سے محفوظ رہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آج صوبہ خیبر پختونخوا میں ہنگو میں مسجد میں اس وقت دھماکا ہوا جب نماز جمعہ کے لیے خطبہ دیا جا رہا تھا۔ دھماکے کے نتیجے میں 4 نمازی شہید جب کہ 12 زخمی ہوئے۔
دھماکے کے بعد آئی جی کے پی اختر حیات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہنگو میں مسجد میں ہونے والا دھماکا خودکش تھا تاہم پولیس کی بروقت کارروائی کی وجہ سے عوام بڑے نقصان سے محفوظ رہے۔
آئی جی اختر حیات نے کہا کہ کار میں سوار دو خودکش حملہ آور مسجد میں داخل ہونے کے لیے پہنچے تھے تاہم پولیس اہلکاروں کی فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور گیٹ پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ اس دوران دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
اختر حیات کا کہنا تھا کہ فائرنگ کی آواز سن کر بیشتر نمازی مسجد سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے اور مسجد میں صرف 30 کے قریب افراد رہ گئے تھے۔
ہنگو میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکا، 4 نمازی شہید
انہوں نے بتایا کہ دوسرے خودکش حملہ آور نے مسجد میں گھس کر دھماکا کر دیا اگر بروقت حملہ آوروں کو نہ روکا جاتا تو زیادہ جانی نقصان کا اندیشہ تھا۔