اب قتل کی سالانہ وارداتیں 500 سے بھی کم رپورٹ ہو رہی ہیں، آئی جی سندھ

آئی جی سندھ غلام نبی میمن کراچی

کراچی (03 اگست 2025): آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں قتل کی سالانہ وارداتیں بہت کم ہو گئی ہیں، اور عالمی سطح پر اس شہر کی جرائم کے لحاظ سے درجہ بندی کافی بہتر ہوئی ہے۔

آج اتوار کو سندھ پولیس کے شہدا کو خراجِ عقیدت کے لیے دو دریا کے مقام پر ریس کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا اب کراچی میں قتل کی سالانہ وارداتیں 500 سے بھی کم رپورٹ ہو رہی ہیں۔

انھوں نے کہا 2013 میں ٹارگٹ کلنگ کے سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے، اور تب یہ شہر جرائم کے حوالے سے چھٹے نمبر پر تھا، پولیس اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا گیا، لیکن اس کے بعد اہلکاروں نے جان کی پرواہ کیے بغیر امن قائم کیا، اوراب جرائم کے لحاظ سے شہر چھٹے سے 128 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔


گلستان جوہر میں فائرنگ سے کار سوار جاں بحق


سندھ پولیس کے شہدا کو خراجِ عقیدت کے لیے نجی ادارے کے تحت دو دریا کے مقام پر 5 کلو میٹر کی ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایک ہزار کے قریب مرد اور خواتین نے حصہ لیا، اور فاتح کھلاڑیوں میں 1 لاکھ سے 50 ہزار تک انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ اس موقع پر غلام نبی میمن نے کہا آج کے دن ملک بھر میں شہدا کو یاد کیا جاتا ہے، آج اگر امن ہے تو اس کا کریڈٹ شہدا کو جاتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا ہر عام آدمی کا سامنا ٹریفک پولیس سے ہوتا ہے، اس سلسلے میں سندھ حکومت سیف سٹی پراجیکٹ پر کام کر رہی ہے، اس منصوبے کے تحت 1300 کیمرے لگائے جائیں گے جن کی مدد سے چالان اب گھروں پر بھیجا جائے گا۔