کراچی میں جرائم کی شرح دنیا کے دیگر شہروں سے کم ہے، آئی جی سندھ

ملیر جیل قیدی فرار آئی جی سندھ

انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، یہاں جرائم کی شرح دنیا کے دیگر شہروں سے کم ہے۔

کونسل آف اکنامکس اینڈاینرجی جرنلسٹ کے وفد سے ملاقات کے دوران آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ اس سال جرائم کا تناسب بھی پچھلے سال جتنا رہے گا، شہر میں اسلحہ اسمگل ہو کر آ رہا ہے، اسلحے کی اسمگلنگ میں ڈیلرز کی بھی نشاندہی ہوئی ہے۔

غلام نبی میمن نے بتایا: ’اسٹریٹ کرائمز میں 2 گروپ کام کر رہے ہیں، ایک گروپ عادی مجرموں کا جبکہ دوسرا نشے کے عادی افراد کا ہے۔ کراچی سمیت صوبے بھر میں امن و امان ہماری ترجیح ہے۔ جرائم پیشہ افراد کی نقل و حرکت کنٹرول کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ صوبے کے تمام ٹول پلازہ پر کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ شعبہ انسداد دہشت گردی کو منظم کرنے کے لیے حکومت سے 3 ارب مانگے ہیں، شعبے کو جدید ٹیکنالوجی سے مزئین کیا جا رہا ہے۔

تھانوں کے بجٹ سے متعلق آئی جی سندھ نے کہا کہ تمام تھانوں کے لیے بجٹ مختص کر دیا گیا، تھانوں کو بجٹ فراہم کرنے کا مقصد نظام میں شفافیت لانا ہے، سندھ پولیس کا بجٹ 109 ارب روپے ہے، بجٹ کا 85 فیصد تنخواہوں پر خرچ ہو جاتا ہے، بجٹ کا 15 فیصد آپریشن کے لیے مختص ہے۔

ملاقات میں غلام نبی میمن نے یہ بھی بتایا کہ ٹریفک پولیس آئندہ مہینے سے باڈی کیمرہ لگا کر چالان کرے گی۔