اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ زلفی بخاری پر سفری پابندیاں بھی ختم کی جائے ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس عامرفاروق نے فیصلہ سُناتے ہوئے زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا اور زلفی بخاری پر سے سفری پابندیاں ختم کرتے کے احکامات بھی جاری کئے۔
عدالت نے دوسری درخواست میں بلیک لسٹ سے نام نکلوانے کی تحقیقات کی استدعا مسترد کردی جبکہ نورخان ایئربیس سویلین کے استعمال کرنے کی تحقیقات کی استدعا بھی مسترد کردی۔
یاد رہے کہ 3 جولائی کو عدالت نے عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ میں ڈالنے کے معاملے پرفریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
مزید پڑھیں : زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے سے متعلق فیصلہ محفوظ
خیال رہے کہ وزارت داخلہ نے زلفی بخاری کوعمرے پر جانے کے لئے چھ دن کا استثنیٰ دیا تھا ۔
نیب نے زلفی بخاری کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی استدعا کی تھی جب کہ وزارت داخلہ نے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی بجائے بلیک لسٹ میں ڈال دیا تھا، عمرے سے واپسی پر زلفی بخاری نے بلیک لسٹ میں نام ڈالنے کو چیلنج کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ زلفی بخاری عمران خان کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جا رہے تھے، امیگریشن حکام نے ان کا نام بلیک لسٹ میں ہونے کے باعث انہیں بیرون ملک سفر سے روک دیا تھا تاہم کچھ دیر بعد ہی ان کا نام بلیک لسٹ سے نکال دیا گیا تھا۔