سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندو زائرین سے بھری بس گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 21 مسافر ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ہندو زائرین کی بس کو اکھنور کے نزدیک ٹانڈا کے قریب حادثہ پیش آیا جس میں 40 سے زائد افراد زخمی بھی ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ڈرائیور کو گیئر شفٹ میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا جس سے بس بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ بس میں 60 سے زیادہ افراد سوار تھے جو بھارتی ریاست اترپردیش سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں شیو کھوری کے مندر کی زیارت کو جا رہے تھے۔
زخمیوں کو اکھنور کے مقامی اسپتال اور گورنمنٹ میڈیل کالج منتقل کیا گیا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ بس میں سوار افراد کا تعلق اتر پردیش سے تھا۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کے مقام پر تاحال ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے حادثے پر دکھر کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہلاک ہونے والے افراد کیلیے فی کس 2 لاکھ جبکہ زخمیوں کیلیے 50، 50 ہزار روپے کا اعلان کیا۔