افغانوں کی واپسی، ترجمان دفتر خارجہ کا یو این ہائی کمشنر کے بیان پر رد عمل

اسلام آباد: پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغانوں کی وطن واپسی کے سلسلے میں یو این ہائی کمشنر کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ کا رد عمل سامنے آ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے رد عمل میں کہا ہے کہ غیر ملکیوں کی وطن واپسی کا منصوبہ تمام غیر قانونی افراد پر لاگو ہوتا ہے، یہ فیصلہ بین الاقوامی اصولوں کے مطابق پاکستان کے خود مختار ملکی قوانین کے مطابق ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان میں قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکی شہری اس پلان کے دائرہ کار سے باہر ہیں، حکومت پاکستان ان لوگوں کے تحفظ کی ضروریات سے متعلق وعدوں کو پورا کرتی ہے۔

انھوں نے کہا لاکھوں افغان بھائیوں اور بہنوں کی میزبانی کا گزشتہ 40 سال کا ریکارڈ سب کے سامنے ہے، بین الاقوامی برادری کو پناہ گزینوں کے حالات سے نمٹنے کے لیے کوششوں کو تیز کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کی ڈیڈ لائن میں صرف ایک روز باقی ہے، اس سلسلے میں کراچی کے علاقے سلطان آباد میں قائم حاجی کیمپ کو ہولڈنگ کیمپ کا درجہ دے دیا گیا ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضلع کیماڑی ظہور مری کہتے ہیں کہ کیمپ میں نادرا، ایف آئی اے، پولیس، پی ڈی ایم اے کے نمائندے معاونت کریں گے۔ نادرا کی مدد سے ایف آئی اے کا عملہ تارکین وطن کا ڈیٹا مرتب کرے گا۔